Sunday 28 January 2018

امت مسلمہ کے ذاتی مسائل

چوہدری ذوالقرنین ہندل گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے ہیں ، مکینیکل انجینئر اور وائس آف سوسائٹی کے سی ای او ہیں۔

ہر کوئی جانتا ہے کہ مسلم دنیا ہمہ وقت متعدد مسائل کا شکار ہے۔دشمنان اسلام کی طرف سے تخلیق کردہ مسائل سے تو ہر کوئی باخوبی علم رکھتا ہے ۔مگر ہم اپنے پاؤں پر ماری جانے والی اپنی کلہاڑیوں کو پہچاننے سے کتراتے ہیں۔دین اسلام کے دشمن تو اول روز سے ہی نت نئی سازشوں اور پرپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔ماضی کے ادوار سے بھی اس بات کا باخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ہمیں حضور اکرمﷺ کے دور سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔آپ ﷺ نے راہزنوں اور لٹیروں کو کیسے مہذب قوم بنایا۔آپﷺ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔آج ہم آپﷺ کی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا نہیں اسی بدولت دشمنوں کی سازشوں میں پھنستے چلے جا رہے ہیں۔آپﷺ کے دور اور صحابہ اکرم رضی اللہ کے ادوار میں مسلمان مٹھی بھر تھے ۔مگر ان کے حوصلے اور ایمان پختہ تھے ۔اللہ نے اس وقت کے حقیقی مسلمانوں کو مدد فراہم کی اور یوں اسلام دنیا میں پھیلتا گیا۔
آج مسلمان دنیا کی کل آبادی کا 25فیصد حصہ ہیں۔دنیا میں دوسری بڑی مذہبی آبادی ہیں۔مگر مسائل کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی آبادی ہیں۔موجودہ دور میں دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی زد میں آنے والوں میں 76فیصد مسلمان ہیں۔دنیا کے مسلح تنازعات میں سے 60فیصد تنازعات کی زد میں مسلمان ہیں۔دنیا میں موجودمہاجرین کی بات کی جائے تو 67فیصد مسلمان مہاجرین ہیں۔جن میں سے متعدد دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔جیسے روہنگیا مسلمان،فلسطینی مسلمان اور کشمیری مسلمان وغیرہ۔
مانتے ہیں کہ ایسے حالات کے پس پردہ یہود و نصاری کی صدیوں پرانی منظم منصوبہ بندی ہے۔مگر ماضی میں بھی تو مسلمانوں نے ایسی سازشوں کا سامنا کیا اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اور ایمان والوں اور بے دینوں میں فرق واضح کر دیا۔حقیقت تو یہ ہے کہ اب ہمارے جذبات ختم ہو رہے ہیں۔ ہمارا ایمان کمزور ہے ۔جس سے بے دین فائدہ اٹھا رہے ہیں۔آج اپنی اس حالت کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔
پختہ ایمان اور عمل صالح کا فقدان۔ موجودہ دور میں ہم عمل و کردار سے تو کوسوں دور ہیں۔ہمارے کردار میں میں مسلمانوں کی جھلک دکھائی نہیں دیتی۔ہمارے ایمان کی بات کی جائے تو وہ بھی کمزور ہو چکا ہے ۔ہم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان تو رکھتے ہیں۔ مگر ہم قران اور حدیث کی رہنمائی حاصل کرنے کی بجائے اپنے ہی تجربات و خیالات کی من مانی کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہم زوال کا شکار ہو رہے ہیں۔ جب ہمارے ایمان ہی پختہ نہیں ہوں گے اور ہم خود اپنی بھلائی کا نہیں سوچیں گے۔ایسے میں اللہ ہماری رہنمائی کیسے کرے گا؟
دنیا سے محبت اور موت کا ڈر۔ہم سب وھن کی بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔یعنی ہمیں دنیا اور دنیا داری سے اتنی محبت ہو چکی ہے کہ موت ہمیں یاد ہی نہیں اور موت سے آنکھیں چراتے ہیں۔ہم دنیا کی اس بناوٹی محبت میں اللہ کی محبت سے دور ہوچکے ہیں ۔اس دنیا اور زندگی کی محبت نے ہمیں دنیا وی طاقتوں کے تابع کردیا ہے ۔ آج ہم دنیا کی چاہت و لذت میں جانے انجانے میں بے دینوں کی پیروی کرتے ہیں۔ 
اتفاق و اتحاق کا فقدان ۔ہمارے ذاتی مفادات اور خواہشات نے ہمارے اتحاد و اتفاق کی دھجیاں اڑا دیں۔ہم اپنے مفادات کی دوڑ میں اپنے بھائی چارے کو روندھتے چلے گئے ۔ اب بھی ایسی دوڑ اور راستے پر گامزن ہیں۔یہی وجہ ہے کہ کبھی مسلم دنیا کا معنی خیز اتحاد معرض وجود میں نہیں آیا ۔ کفار اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
تعلیم کا فقدان ۔ہم نے قرآن کی پہلی صورت و آیت ’اقراء‘ کو بھلا دیا ہے ۔تعلیم کے میدان میں بھی ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔جبکہ قرآن میں علم کو بڑی فوقیت دی گئی۔دشمن نے علم کے میدان میں سبقت کی وجہ سے ہمارے معاملات پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔آج ہمارے زرائع ابلاغ پر دشمنوں کا قبضہ ہے اور اپنے اس قبضے کی بدولت وہ مسلمانوں کو اخلاقی لحاظ سے کمزور کر رہے ہیں۔میڈیا کے زریعے مسلم دنیا میں انتشار پھیلا رہے رہے ہیں۔
عیش و عشرت اور کاہلی۔عیاشی، سستی اور کاہلی نے تو جیسے ہمارے زوال پر مہر لگادی ہو۔ہماری عیاشی و کاہلی نے معاشرے کو کھوکھلا کرکے ہمیں اخلاقی و معاشی پسماندگی کی طرف دھکیل دیا۔عیش و عشرت میں دین سے ایسے دور ہوئے کہ بربادی نے ہمیں سنبھلنے کا موقع بھی نہ دیا ۔عیش و عشرت میں ہم نے اللہ کی طرف مسلمانوں کو ملنے والے انعام (زرعی و معدنی وسائل )کا بھی غلط استعمال شروع کردیا۔ہمارے معدنی و زرعی وسائل بھی دشمنوں کے ہاتھ اونے پونے فروخت ہو رہے اور خاتمے کی طرف رواں دواں ہیں۔آپﷺ کی حیات مبارکہ سے دیکھا جائے تو آپﷺ نہ صرف اپنے کام خود کرتے بلکہ دوسروں کے کام میں بھی ہاتھ بٹاتے۔
کرپشن و بددیانتی اور احساس کمتری۔کرپشن اور بددیانتی نے ہمیں احساس کمتری کا شکار کردیا ۔کرپشن کے گرم بازار کی گرماہٹ نے ہمارے ایمان کی کمزوری کو عیاں کردیا ہے۔ہماری بدیانتی کو استعمال کرتے ہوئے بے دین لوگوں نے ہمیں اپنے تابع کرنے کے لئے ہمیں سود پر قرض کے کھیل میں دھکیل دیا اور سود کے حرام مال نے ہمارے خون میں تبدیلیاں شروع کردیں۔ اس تبدیلی نے ہماری خودمختاری کو ختم کر کے ہمیں تابع رہنے کی عادت ڈال دی۔یوں ہم احساس کمتری کے سفر پر گامزن ہیں۔
تفرقہ بازی۔ہم رنگ و نسل اور فرقوں و مسلکوں کی تفریق میں ایسا گھرے ہیں کہ ایک لڑی میں پرونا تو ہمیں آتا ہی نا ہو۔ہم خود ایک دوسرے کو کافر قرار دے کر انتشار کو فروغ دے رہے ہیں۔ دشمن ہمارے انتشار کو پروان چڑھا کر ہمیں کھوکھلا کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔آج ہم اتنے شدت پسند ہو چکے ہیں کہ ایک دوسرے پر کفر کے فتوے جاری کردیتے ہیں ۔معاملات کو سلجھانے کی بجھائے مزیدالجھاتے ہیں۔یوں ہمارے انتشار کا سفر جاری ہے۔
اصلاح کا فقدان۔اصلاح کی بات کی جائے تو ہم اپنی اصلاح کی بجائے دوسروں کو اصلاح کے مشورے دیتے ہیں۔دوسروں کو برا کہنا اور خود غلطی پر غلطی کرتے جان ہمارا معمول بن چکا ہے۔اگر کوئی اصلاح کا مشورہ دے تو اس پر عمل کرنے کی بجائے ہم الٹا اس پر تنقید کرتے ہیں۔خود احتسابی تو جیسے ہمارے پاس سے بھی نہ گزری ہو۔
انصاف کا فقدان اور ظلم کا بول بالا۔ظلم و زیادتی اور نانصافی ایک اہم ترین فیکٹر ہے۔حضرت علی رضی اللہ کا قول ہے کہ’’معاشرے کفر کے ساتھ تو باقی رہ سکتے ہیں لیکن ظلم کے ساتھ باقی نہیں رہ سکتے‘‘۔
ہم اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں تو مسلمانوں کا ایک اہم اصول انصاف تھا۔اسلام نے ہمیشہ سے ظلم و زیادتی کو ختم کرنے اور انصاف کو رائج کرنے کی کوشش کی۔اسی انصاف کی بدولت مسلمانوں نے دنیا پر حکومتیں قائم کیں اور کامیابی سے چلائیں۔مسلمانوں نے ہمیشہ سے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا اور ان کے ساتھ صلح و انصاف کے ساتھ رہے۔تاریخ گواہ ہے کہ جس حکومت میں انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں ان کا خاتمہ ہی ان کا مقدر ٹھہرا۔انصاف کا دامن چھوڑنے پر مسلمانوں کی حکومتیں بھی ختم ہوئیں ۔جیسے مغلیہ سلطنت۔ہمارے ہاں بے جانانصافی نے ہمارے معاشرے اور نظریے کو کھوکھلا کر دیا ہے۔
بہت سے ایسے مزید فیکٹربھی ہیں جو ہماری بربادی کا سبب ہیں۔بے دین طاقتوں کی سازشوں کا عمل دخل بھی اس وقت کامیاب ہوتا ہے۔ جب ہم کمزور اور کھوکھلے ہوں۔ہمیں اپنے ذاتی مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ہم دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ تب ہی کر سکیں گے۔جب ہم اسلام کے جھنڈے کو مضبوطی سے تھام کر ایمان، اتحاد اور تنظیم کو فروغ دیں گے۔جب انصاف کا بول بالا ہوگا۔

Sunday 21 January 2018

قانونی گرفت یا غنڈہ گردی

چوہدری ذوالقرنین ہندل گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے ہیں، مکینیکل انجینیئر اور وائس آف سوسائٹی کے سی ای او ہیں۔
دنیا بھر میں غنڈہ گردی کوایک بڑی بد عنوانی و جرم تصور کیا جاتاہے۔غنڈہ گردی کرنے والوں کو غنڈہ گرد کہا جاتا ہے۔دراصل غنڈہ گرد اپنے مفادات کے لئے سرعام مار پیٹ کرتے ہیں۔لوگ ان کے ناموں سے تھر تھر کانپتے ہیں۔روپے پیسے کے عوض غنڈہ گرد خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔بلکہ بہت سے قانون دان ، سیاستدان اور قانون پر عملدرآمد کروانے والے خود ان کے محافظ ہوتے ہیں۔کسی بھی ملک کے اندرونی انتشار و قتل وغارت میں ان کا ہاتھ ہوتا ہے۔پولیس اور دوسرے سیکورٹی ادارے اسے کاؤنٹر کرنے کے لئے بنائے جاتے ہیں۔جدید نظریے اور نئے واقعات کے پیش نظر غنڈہ گردوں میں صرف سول غنڈہ گرد ہی نہیں بلکہ سیاسی غنڈہ گرد قانونی غنڈہ گرد اور قوانین پر عملدرآمد کروانے والے غنڈے بھی موجود ہیں۔مختلف ترقی پذیر ممالک میں غنڈہ گردوں کی یہ ساری اقسام موجود ہیں۔پاکستان بھی ایسے ممالک میں سے ایک ہے جہاں قانون پر عملدرآمد کروانے والے ادارے ،لوگوں کو پرسکون ماحول فراہم کرنے اور جرائم کی روک تھام کے لئے تعینات کردہ سرکاری ملازمین بھی غنڈہ گردی کرتے ہیں اور یہی غنڈہ گرد سیاسی غنڈہ گردوں اور دہشتگردوں کو محفوظ ماحول و راستہ فراہم کرنے کے لئے قانونی گرفت کو پس پست ڈال کر غنڈہ گردی کی گرفت کو پروان چڑھاتے ہیں اور دن دیہاڑے قانونی گرفت کی آڑ میں جعلی مقابلوں میں عام عوام اور معصوم لوگوں کو قتل کرتے ہیں ۔قانونی گرفت کی آڑ میں کھیلی جانے والی غنڈہ گردی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔تھانوں کچہریوں میں بھی لوگ اس غنڈہ گردی سے متاثر ہوتے ہیں۔
نئے سال کا آغاز پاکستان کے لئے انتہائی اذیت ناک رہا۔نئی نوید کی بجائے پرانے جرائم اور مجرم کھل کر سامنے آنے لگے۔گڈ گورنس کے نعرے لگانے والی حکومتیں اور ادارے اور ان کی قانونی و ریاستی معاملات پر گرفت سب عیاں ہو گئے۔سال نو کے ابتدائی ہفتے میں افراتفری ، بے بسی،لاقانونیت،بدعنوانی اور جبر سب سامنے آگئے۔ ہمیشہ کی طرح امن و امان کو شکست دے کر جرائم نے غلبہ حاصل کیا۔قانون و قوانین کی تو دھجیاں اڑتی نظر آئیں۔بد عنوانیوں کی لہروں کی راہ میں نہ کوئی قانون غالب آیا نہ ہی کوئی قانونی ادارہ نہ ہی کوئی پارلیمنٹ نہ ہی کوئی جمہوریت،سب کی گورنس عیاں ہو گئی۔گزشتہ کچھ واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ وقت ضرور بدلا ہے مگر ظالم و مظلوم ہمیشہ ویسے ہی رہتے ہیں۔ظالم آج بھی اتنا بھیانک و جابر ہے اور مظلوم آج بھی معصوم و لاچار ہے۔ ہمیشہ کی طرح ہمارے منتخب نام نہاد جمہوری نمائندوں نے انسانیت کی اڑھتی دھجیوں پر مذمت ضرور کی مگراس نظام کو بدلنے کے لئے برسوں سے کچھ نہیں کیا جہاں قانون و قانونی گرفت کی بجائے جاگیرداروں نمبرداروں اور امراء کے اصول و حکم اور انہیں کی گرفت ہے۔آخر کوئی اپنے پاؤں پر کلہاڑی کیوں مارے گا اور وہ بھی جاگیردار سیاستدان ہر گز نہیں وہ بھاؤلا تو نہیں نا۔جمہوریت کے دعویدار، سیاست و جمہوریت نام کی دکانداری کرتے ہیں اور باری باری اسے چمکاتے ہیں اور یوں ازلوں سے ان کے مفادات کا بازار گرم ہے۔یاد رکھئے!’جب تک مفادات کا بیوپار سرگرم ہے تب تک ملک و ملکی خودمختاری کا ہی سودہ ہوگا‘۔ایسے میں ملک افراتفری کا شکار ہوگا جو ملک کو دھیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کردے گی۔گزشتہ چند روز سے قانون ،معاشرے یہاں تک کہ انسانیت کی جو دھجیاں اڑ رہی ہیں انہیں شاید سمیٹنا مشکل ہوجائے۔زینب قتل کیس ،اسماء قتل کیس اور ایسے ہی دیگر کئی جنسی درندگیوں کے اذیت ناک کیسز ہمارے معاشرے اور انسانیت کے خاتمے کی علامت ہیں۔یہ ظاہر کرتے ہیں کہ یہاں انسان نما حیوان آباد کار ہیں۔ایسے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جو صرف حیوان ہی کر سکتے تھے مگر ہمارے باسیوں نے انہیں انجام دے کر حیوانوں کی ایک نئی قسم متعارف کروائی ہے جو دیکھنے میں تو انسانوں سی شکل و شباہت رکھتے ہیں مگر حقیقت میں حیوان ہیں کیونکہ انہیں نہ کسی رشتے کی پہچان ہے اور نہ ہی کسی رشتے دار کی نہ ہی کسی خون کی پہچان ہے۔یہ حیوان ہیں اور قانون سے بالاتر ہیں۔
ہر شخص خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔جس کا جو جی چاہتا ہے کرتا ہے۔ اچھے برے کی کوئی تمیز نہیں۔نہ کوئی قانون نظر آتا ہے نہ ہی کوئی قانون دان اور نہ ہی کوئی قانون پر عملدرآمد کروانے والا۔کوئی کسی قسم کی قانونی و ریاستی گرفت نہیں رہی سب اپنی ہی پالیسیوں پر گامزن ہیں۔قانون بنانے والے یعنی منتخب نمائندے خود اپنے بنائے ہوئے قوانین کی پاسداری نہیں کرتے۔قانون کو صرف اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں اور یہاں تک کہ ذاتی مفادات کی بنا پر پارلیمنٹ پر لعنت بھی بھیجتے ہیں اور عدلیہ و قانونی اداروں پر جملے کستے ہیں۔جس پارلیمنٹ میں بیٹھنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کر کے منتخب ہوتے ہیں پھر اس پر ہی لعنت بھیجتے ہیں۔خود ہی عدلیہ کو بحال کرواتے ہیں اور اپنے برعکس فیصلہ آنے پر عدلیہ کو جھوٹے و مکار جیسے لقب سے نوازتے ہیں۔قانون دان یعنی وکلاء قانون کی دھجیاں اڑانے سے باز نہیں آتے۔پاکستان کے دفاعی ادارے آرمی کو بھی اپنے مفادات کے لئے استعمال کرنے والے جرنیل بھی قانون کو ماننے کی بجائے اپنی من مانی کرتے ہیں۔پولیس والے خود کو غنڈہ سمجھتے ہیں اورقانون پر عمل کروانے کی بجائے قانون کو پامال کرتے ہوئے جعلی مقابلے کرتے ہیں۔گزشتہ چند روز سے کراچی کے امن و امان کی صورتحال کھل کر سامنے آگئی ہے پہلے تو بغیر وردی یعنی سول غنڈے،بھتہ خور اور ٹارگٹ کلرز موجود تھے مگر اب کے بار تو سرکاری غنڈے بھتہ خور اور ٹارگٹ کلرز بھی کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں سندھ پولیس و سیکورٹی اداروں کی طرف سے متعدد معصوموں کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔نقیب ہو یا مقصود یا کوئی اور تمام واقعات ہمارے اداروں کے منہ پر طمانچے ہیں وہی ادارے جو عوام کی بھلائی و فلاح کے لئے بنائے گئے وہی عوام پر قابض بن بیٹھے ہیں اور قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔یہ کیسا ملک ہے جہاں ریاستی ملازم خود کو مالک سمجھتے ہیں اور عوام کو غلام۔کسی قانون کی کوئی گرفت نہیں گرفت ہے تو غنڈہ گردوں کی ،گرفت ہے تو سیاستدانوں، جاگیرداروں ،بزنس ٹائیکونوں،امراء اور بڑے افسروں کی ۔یہ سب قانون سے بالاتر ہیں ان کے لئے کوئی قانون نہیں اور نہ ہی کوئی قانونی پاسداری اور یہ سب قانونی گرفت کی آڑ میں غنڈہ گردی کے کھیل رچاتے ہیں۔عام معصوم لوگوں کو جعلی مقابلوں میں مارنا ان کا معمول ہے اور یہ برسوں سے ہوتا آ رہا ہے اور یہ تب تک ہوتا رہے گا، جب تک قانون کے رکھوالے بھی قانون کی پاسداری نہیں کرتے اور قانونی گرفت کی آڑ میں اذیت ناک جعلی پولیس مقابلوں کے کھیل کو ترک نہیں کرتے ۔اگر عوام کے جان ومال کا تحفظ ہی نہیں تو پھر کیا فائدہ ملک کا۔قائد کے بنائے ملک کو انصاف و قانون کے راہ پر چلانا ہے نہ کے قانون کی آڑ میں چھپے مفادات کے متلاشیوں کی راہ میں جو دشمن کے ایجنڈے کو فروغ دیں اور دشمن کو فائدہ پہنچائیں۔میں چیف جسٹس کا شکر گزار ہوں کہ وہ ایسے واقعات پر از خود نوٹسز لے رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت و دوسرے ادارے بھی اپنے ہونے کا ثبوت دیں گے۔اپنے کام کو قانون و آئین کے مطابق سرانجام دیں گے۔جب تمام ادارے اپنے اختیارات کا درست استعمال کریں گے تو انتشار و افراتفری کو شکست کا سامنا ہوگا اورجلد پاکستان اپنے اندرونی معاملات کو نمٹا لے گا۔نئے سال میں نئے عزم و نیک خیالات کو جنم دیجئے ۔

Sunday 14 January 2018

بھارتی خواب کی اصل تعبیر

چوہدری ذوالقرنین ہندل گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے ہیں۔مکنیکل انجینیئر اور وائس آف سوسائٹی کے سی ای او ہیں۔
بھارتی خواب ،وہ خواب جو گاندھی اورنہرو سمیت بہت سے بھارتی رہنماؤں کا رچایا ہوا تھا۔نمبرداری کا خواب،خطے میں سب سے بڑی طاقت بننے اور ان کو اپنے تابع کرنے کا خواب۔ہندو مذہب اور ذہنیت کو دوسری قوموں پر مسلط کرنے کا خواب۔ایسے اور بہت سے خواب جو ہندو برسوں سے دیکھ رہے ہیں۔اپنے خواب کی تکمیل کے لئے جوہری ہتھیاروں سے لیکرتھرمونیوکلیئر سٹی کی تعمیر تک ،خلائی سیاروں کا خلا میں بھیجنا اور انہیں خواب کی تکمیل کے لئے جنگی مقاصد کے لئے استعمال کرنا، ان گنت سرمایہ کاری اور بے جاجنگی جنون ،خطے میں جاسوسی نیٹ ورکس کا پھیلاؤ اور طرح طرح کی سازشیں اورمنصوبے اور بہت کچھ ۔درحقیقت خواب صرف حکمرانی اور نمبرداری کا نہیں بلکہ بات توحقیقت میں مذہبی نوعیت کی ہے۔درحقیقت ہندؤں پر ہزاروں سال مسلمان حکمرانی نے ایسے نقش و نگار چھوڑے ہیں کہ ہندو اسے ابھی تک بھلا ہی نہیں پائے اور ایک بڑی سلطنت پر حکمرانی کے خواب دیکھنے لگے ہیں۔ بدلے کی نیت سے خود پر حکمرانی کرنے والوں پر مکمل حکمرانی کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔انتہا پسند اور پست ذہن ہندو حکمران آج بھی مسلمان حکمرانوں کو یاد کر کے ،مسلمانوں پر حکمرانی کرنے کے خواب سجھائے بیٹھے ہیں۔مگر ان بھیانک خوابوں کی تعبیر شاید انہیں معلوم نہیں،جو ہندؤں اور بھارت کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔کشمیر تو ہاتھ سے جائے گا ہی ساتھ میں ملک بھی جاتا رہے گا۔جنگی جنون اور سازشی سوچ بھارت کو ختم کر کے ہی دم لے گی۔
بھارت جنوبی ایشیاء کا ایک طاقتور ملک ہے۔آبادی کے لحاظ سے دنیا میں دوسرا اور رقبے کے لحاظ سے ساتواں بڑا ملک ہے۔اس کی آبادی 1.2بلین سے زیادہ ہے۔اسے دنیا میںآبادی کے لحاظ سب سے بڑا جمہوری ملک تصور کیا جاتا ہے۔اس کے ہمسائیہ ممالک میں پاکستان، چائنہ، نیپال، مالدیپ، بھوٹان، میانمار، بنگلہ دیش، سری لنکا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیاء ہیں۔اکثریت آبادی ہندو مذہب سے وابسطہ ہے۔یہ ملک29کے قریب ریاستوں پر منسلک ہے۔جن میں سے کچھ کے نام پنجاب، راجستھان، تامل نڈو، بہار ،گجرات اور ہریانہ ہیں۔جموں کشمیر جو کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ایک متنازعہ علاقہ ہے۔بھارت نے زبردستی اسے بھی اپنی ریاست یعنی صوبے کا درجہ دے رکھا ہے۔ اسی تحت وہاں ہندو بستیاں آباد کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف بپن راوت کا بیان سامنے آیا کہ،پاکستان پر کسی وقت بھی حملہ کر سکتے ہیں ،حملہ کرتے وقت یہ نہیں سوچیں گے کہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے پاکستان کی جوہری طاقت ایک فسانہ ہے۔پاکستان دہشت گردوں کو استعمال کر کے ٹشو پیپر کی طرح کچل دیتا ہے۔کشمیریوں کی تحریک کو کچل دیں گے اور پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاناہماری پالیسی ہے۔ایسا بیان کوئی پہلی دفع نہیں بھارت کے کئی رہنما ایسے بیانات دیتے رہے ہیں۔جب بھی کوئی نیا خواب و سپنا ان کو تنگ کرے تو بیانات سے خود کو خوش کر لیتے ہیں۔حقیقت میں تو بھارت علم رکھتا ہے پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ان کے ریڈیو ایکٹو ایلیمنٹ بھارت سے زیادہ ایکٹو ہیں ۔بھارت کو سپنوں کی سپر پاور کا درجہ ضرور دینا چاہئے۔کیوں کہ خوابوں ا ور سپنوں میں ان سے سرجیکل سٹرائیک بھی ہو جاتے ہیں۔
بھارت جو خواب برسوں سے سجھائے بیٹھا ہے اس کی تکمیل کے لئے بھارت نے کچھ کامیابیاں بھی حاصل کیں جن میں 1971میں پاکستان کو دو لخت کر کے بنگلہ دیش کا قیام اور اپنے قریبی چھوٹے ممالک پر اپنا اثر رسوخ بڑھانا (یعنی بنگلہ دیش، میانمار، نیپال اور بھوٹان وغیرہ)۔اس سے ہٹ کر مسلمان ملک افغانستان پر اپنا واضح اثر ورسوخ قائم کرنا ،چاہے اس میں امریکہ کی مدد حاصل رہی، بھی ایک کامیابی ہے۔بہت سے مسلم ممالک کو اپنے تعلقات کے کھیل میں استعمال کرنا ۔اپنے ہم خیال ملک اسرئیل سے تعلقات کی آڑ میں اسلحے کی خریدو فروخت۔سفارتی سطح پر مزید کامیابیاں ۔سی پیک کے آغاز سے اس کی مخالفت میں امریکہ سے تعلقات میں تیزی اور پاکستان پر امریکہ کی طرف سے دباؤ وغیرہ۔ان سب کامیابیوں کے حصول کے لئے بھارت نے اپنے اندرونی معاملات کو نظر انداز کیا ،جس کے نقصان یعنی سائیڈ ایفیکٹس بھی ہیں جو بھارت میں مذہبی لڑائیوں کا باعث بن رہی ہیں اور یہی لڑائیاں آزادی کی لڑائیاں ثابت ہوں گی۔جس کی بدولت 21فیصد غیر مسلم اور 30فیصد کے قریب دلت اور دوسری ہندو ذاتیں آزادی کی تحریکیں چلائیں گی جو خونی تحریکیں ثابت ہوں گی یہی سے بھارت کی تاریخ الٹنا شروع ہو جائے گی۔بھارت کے خواب کی تکمیل کی راہ میں دو ممالک حائل ہیں پاکستان اور چین، بھارت چین کو الجھانے کی بھی جسارت نہیں رکھتا مگر پاکستان کو مسلسل بہت سے محاذوں پر الجھا رہا ہے۔ایسے میں پاکستان کی ثابت قدمی ہی پاکستان کی جیت ہے۔پاکستان اپنا صرف دفاع کرلے اور اپنے اندرونی معاملات کو احسن طریقے سے نمٹا لے تو2025ً کا پاکستان ایک بڑا معاشی ملک ہوگا۔سی پیک کی تکمیل چائنہ کی معیشت کو مزید مستحکم کر کے معاشی تور پر امریکہ سے کہیں زیادہ آگے لے جائے گی۔موجودہ رپورٹ کے مطابق چائنہ کے دنیا میں شیئرز 15.5فیصداور امریکہ کے23فیصد ہیں جو سی پیک کی تکمیل کے بعد یقیناًبدل جائیں گے چائنہ کے 20فیصد ہو جائیں گے جبکہ امریکہ کے شیئرز مسلسل کم ہو رہے ہیں جو 2030میں 15فیصد رہ جائیں گے۔اس تبدیلی کے بعد امریکی اتحادی امریکہ سے بدذن ہو جائیں گے اور چائنہ اس امریکی خلاکو پر کرے گا۔سب سے زیادہ مفاد چائنہ کا ہے مگر پاکستان بھی جانے انجانے اس کے ثمر سے ضرور مستفید ہوگا۔
بھارتی نمبرداری و حکمرانی کے خواب کی تعبیر کیا ہوگی؟بھارت کا یہ خواب اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا۔بھارت آج جو بہت زیادہ اچھل کود کر رہا ہے یہی اچھل کود اور سازشی سیاست اسے ایک دن ذلیل و رسوا کر دے گی۔کشمیر تو ہاتھ سے جائے گا ہی اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بہار آسام اور بہت سی ریاستیں بھارت کے ہاتھ سے جاتی رہیں گی۔بھارتی خواب اسے تو نیست و نابود کروائے گا ہی مگر ساتھ ساتھ اس کے دشمن ملک چائنہ اور پاکستان 2040کے سپر پاور اور منی سپر پاور ہوں گے۔بھارتی ساتھی امریکہ بھی رسوا ہوگا ،مگر بھارت کے اندرونی اختلافات اور انتشار بڑھتا چلا جائے گا۔سازشی و انتہا پسند ہندو قوم خود اپنے ہاتھوں سے بھارت کی تاریخ بدل دے گی اور بھارت ٹوٹ کر چھوٹی ریاستوں میں بھٹ جائے گا ایک وقت ایسا بھی آئے گا کہ بھارت کا نام بھی ختم ہو جائے گا تب نہ کوئی ہندو ہوگا اور نہ ہی کوئی ہندوستان۔یہ سب تو ہونا ہی تھا مگر مودی کی چلاکیاں اور چستیاں اسے بہت تیزی سے انجام دیں گی۔اندازہ لگا لیجئے کہ جس بھارت نے 2060میں نقشے سے ختم ہونا تھا مودی سرکار اسے چند برس پہلے ہی خاتمے کی طرف گھسیٹ رہی ہے۔بھارتی انا انتہا پسندی اور بدلے کی نیت سے جو خواب دیکھ رہا ہے اس کا انجام بھیانک ہی ہو سکتا ہے ۔یہ ساری دنیا دیکھے گیٖ!